۸ آذر ۱۴۰۳ |۲۶ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 28, 2024
آیت اللہ العظمی حافظ بشیر نجفی سے علماء فلسطین کے وفد کی ملاقات

حوزہ/ علماء فلسطین کا وفد: ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ مراجع کرام فلسطین کا دفاع کرنے والوں میں ہمیشہ آگے رہے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ الحاج حافظ بشیر حسین نجفی نے مرکزی دفتر نجف اشرف میں علماء فلسطین پر مشتمل وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان سے فرمایا کہ نجف اشرف پہلے کی طرح ہمیشہ فلسطین کے ساتھ رہے گا اور ان شاء اللہ ہم مسجد اقصی کو آزاد کرائیں گے۔

مرجع عالیقدر نے اپنے خطاب کا آغاز آیت قرآنی ’’ إِنَّ ٱللَّهَ مَعَ ٱلَّذِينَ ٱتَّقَوا۟ وَّٱلَّذِينَ هُم مُّحْسِنُونَ‘‘سے کیااور جہاد کی اہمیت کے متعلق حکم الٰہی بیان فرماتے ہوئے کہا کہ جہاد کا انحصار صرف جہاد بالسیف میں نہیں ہے بلکہ اس کا انطباق ہمارے اعمال ،ہمارے سلوک ،ہمارے افعال سب پر ہوتا ہے اس لیے کہ جہاد کا مطلب یہ ہے کہ اوامر الٰہی کی پابندی کی جائے اور نواہی سے بچا جائے اور اپنے نفس کو شریعت کے ڈھانچے میں ڈھالا جائے اس لیے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ پوری کوشش کریں اور شانہ سے شانہ ملا کر اس طرح رہیں کہ ان کے افعال اور سلوک ان کے مسلمان ہونے کی گواہی دیں۔

نجف اشرف پہلے بھی فلسطین کے ساتھ تھا اور مستقبل میں بھی ساتھ رہے گا،مسجد اقصی کو ہم آزاد کرائیں گے، آیت اللہ العظمی حافظ بشیر نجفی

مرجع عالیقدر نے فرمایا کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے رسول اکرم ؐ اور ان کی امت سے مدد کا وعدہ فرمایا ہے ہوہی نہیں سکتا کہ اللہ، رسول اللہ ؐ اور ان کی امت کو تنہا چھوڑ دے انہوں نے مزید فرمایا ’’ان شاء اللہ مسجد اقصی ٰ کو ہم آزاد کرائیں گے اور نجف اشرف پہلے کی طرح ہمیشہ فلسطین کے ساتھ رہے گا۔

مرجع عالیقدر نے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و اتفاق پر بیان کیا کہ یہ ضروری ہے اور اس کو یقینی بنانے کے لیے ہمارے پاس رسول اللہ ؐ، ان کے اہل بیت علیہم السلام اور خاص کر حضرت امام علی علیہ السلام اساسی و بنیادی کردار ہیں اور مسلمانوں کے آپسی اتحاد و اتفاق میں مشترک عامل ہیں اس لیے کہ ان کی عظمت و منزلت پر مسلمانوں میں اختلاف نہیں ہے۔انہوں نے مزید فرمایا کہ اسلام کے دامن سے متمسک ہونا ایسا شرف ہے کہ جس کی کوئی مثال نہیں ہے۔

مرجع عالیقدر نے مزید فرمایا کہ مسلمانوں کوخود کو حضرت امام حسین علیہ السلام سے مرتبط رکھنا چاہیے اس لیے کہ وہ عزت و شرف و کرامت کا عظیم مدرسہ ہیں۔

نجف اشرف پہلے بھی فلسطین کے ساتھ تھا اور مستقبل میں بھی ساتھ رہے گا،مسجد اقصی کو ہم آزاد کرائیں گے، آیت اللہ العظمی حافظ بشیر نجفی

دوسری جانب مہمان علماء فلسطین پر مشتمل وفد نے مراجع عظام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ انہوں نے مشکل سے مشکل اوقات میں امت مسلمہ خاص کر مظلوم فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے آوازیں بلند کی اور ان کا ساتھ دیا ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ مراجع عظام فلسطینیوں کے لیے آواز بلند کرنے والوں میں ہمیشہ آگے آگے رہے، مذکورہ وفد نے حسن استقبال اور ان کی نصیحتوں اور ارشادات پر مرجع عالیقدر کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ مذکورہ فلسطینی وفد نے عراقیون کے ساتھ کربلا مقدسہ جانے والے زائرین کے ساتھ سفر عشق حسینی میں شرکت فرمائی،انہوں نے زائرین کی خدمت کے لئے قائم کردہ اپنے موکب کو ’’ موکب نداء اقصیٰ‘‘ کا نام دیا کہ جس کا قیام کربلا مقدسہ جانے والے راستے میں کیا گیا تھا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .